گلگت بلتستان کے مسیحاکودہشتگردوں کے ٹولے کیساتھ کھڑاکرنے کی شدیدمذمت کرتے ہیںآغاسیدراحت حسین الحسینی

شیخ محسن علی نجفی کو فوری طور پر فورتھ شیڈول سے نکالا جائے اور ان کے شناختی کارڈ کی منسوخی کو فوری طور پر ختم کیا جائے،جمعہ کے اجتماع سے خطاب

فی الفور شیخ محسن علی نجفی پر لگائی گئی پابندی کو ہٹایا جائے ورنہ ہم حکومت کی اس بیلنس پالیسی کے خلاف تحریک شروع کریں گے،علامہ سیدباقررضوی کاسکردو میں خطاب

سکردو/گلگت(پ ر)مشہور و معروف سماجی و مذہبی شخصیت علامہ شیخ محسن علی نجفی کو شیڈول فورتھ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے پر گلگت بلتستان کے جمعہ کے خطبات میں شدید مذمت کی گئی۔گلگت جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید آغا راحت حسینی نے کہا کہ شیخ محسن علی نجفی جیسے شخصیات کو فورتھ شیڈول میں ڈالنا ،شناختی کارڈکینسل کرانا بیلنس کی پالیسی ہے۔گلگت بلتستان کے مسیحا کو دہشتگردوں کے ٹولے کے ساتھ کھڑا کرنے کو ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔گلگت بلتستان میں شیخ محسن علی نجفی نے تعلیمی میدان،صحت اور دیگر شعبوں میں ریکارڈ کام کیے ہیں۔ ایسے لوگوں کو حکومت کو چاہیئے تھا کہ ایوارڈ دیا جاتا۔لیکن تاہم ان پر پابندی لگانا ان کے فلاحی کاموں کو روکنا سرا سر نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ محسن علی نجفی کو فوری طور پر فورتھ شیڈول سے نکالا جائے اور ان کے شناختی کارڈ کی منسوخی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیلنس پالیسی پر نظر ثانی کریں۔محب وطن اور دہشتگرد کی پہچان ہونی چاہیئے۔سکردو جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید باقر رضوی نے کہا کہ ہماری سمجھ میں نہیں آتا کہ حکومت ملک میں اتحاد بین المسلمین اور فلاحی کام کرنے والوں کے خلاف پابندی لگا کر عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔شیخ محسن تمام مکاتب فکر کے لوگوں کیلئے قابل قبول شخصیت ہیں۔ان کی فلاحی خدمات تمام مکاتب فکر لوگوں کیلئے ہیں۔حکومت کوچاہیئے تھا کہ ان کی خدمات کو سنہری حروف سے لکھا جاتا،ان کو ایوارڈ سے نوازا جاتا لیکن افسوس ہے ان پر بے جا پابندی لگا ئی گئی ہے۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور شیخ محسن علی نجفی پر لگائی گئی پابندی کو ہٹایا جائے ورنہ ہم حکومت کی اس بیلنس پالیسی کے خلاف تحریک شروع کریں گے۔گلگت دینور جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ مرزا علی نے کہا کہ مسیحوں کو دہشتگردوں کے صفوں میں لانا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔قانون کی بالادستی میں سب سے بڑی رکاوٹ توازن کی پالیسی ہے۔دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تب کامیاب ہوسکتا ہے جب ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہو۔شیخ محسن علی نجفی کو فورتھ شیڈول کی لسٹ میں دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔جو ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہے۔ لہذا ہم گورنمنٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیخ محسن علی کے نام کو فورتھ شیڈول سے نکالا جائے اور ان کے شناختی کارڈ کے منسوخی کے حکم کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ورنہ ہم اس پر بھرپور احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Comments