گلگت بلتستان میں ہرایک کومکمل مذہبی وسیاسی آزادی حاصل ہے،وزیراعلیٰ


گلگت بلتستان میں ہرایک کومکمل مذہبی وسیاسی آزادی حاصل ہے،وزیراعلیٰ

 عوام نے امن کے ثمرات کو دیکھا ہے بہت سے لوگ مذہب کے نام پر ملت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو لوگ مذہب کے نام پر علاقے کا امن خراب کرنے کی سازشیں کرتے ہیں وہی در اصل ہمارے خطے اور ترقی کے دشمن ہیں

گلگت(جی بی نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ ہمارے آباﺅ اجداد نے تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر گلگت بلتستان کو آزاد کرایا آزادی کی اہمیت سے قوم آگاہ ہے ہمیں صوبے کی تعمیر و ترقی کےلئے مذہبی، علاقائی اور لسانی تعصبات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے عمل کو یقینی بنایاجاسکے ۔ آزادی کا اصل مقصد گڈ گورننس کے ذریعے تمام عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانا اور علاقے کی تعمیر و ترقی کرنا ہے جس کے مطابق ہم گلگت بلتستان کو ایک مثالی صوبہ بنائیں گے ۔ گلگت بلتستان میں ہر ایک کو مکمل مذہبی اور سیاسی آزادی حاصل ہے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے گلگت بلتستان کے عوام نے تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر مسلم لیگ ن کو دو تہائی اکثریت سے کامیاب کرایا ۔یکم نومبرکو گلگت بلتستان کے عوام کےلئے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کےلئے حکومت خصوصی پیکیج متعارف کرائے گی صوبے کے چار اضلاع میں وزیر اعظم ہیلتھ پالیسی کے تحت 62ہزار غریب ، نادار اور مستحقین کو صحت کارڈ فراہم کئے گئے ہیں دیگر اضلاع میں 32ہزار نادار ، غریب اور مستحقین میں صوبائی حکومت ہیلتھ پروٹیکشن پالیسی کے تحت جرمن حکومت کے تعاون سے انشورنس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔ صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو ٹیکنیکل تعلیم کےلئے مختلف پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ بلاسود قرضوں کے تحت ہنر مند نوجوانوں کو قرضے فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں قائم امن کو برقرار رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے گلگت بلتستان کے عوام نے امن کے ثمرات کو دیکھا ہے بہت سے لوگ مذہب کے نام پر ملت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو لوگ مذہب کے نام پر علاقے کا امن خراب کرنے کی سازشیں کرتے ہیں وہی در اصل ہمارے خطے اور ترقی کے دشمن ہیںگلگت بلتستان کے باشعور اور پرامن عوام ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نجی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک مایوس طبقہ جسے عوام نے مسترد کیا ہے عوام میں مایوسی پھیلانے کےلئے احتجاج اور دھرنوں کے سیاست پر عمل پیرا ہے وزیر اعظم پاکستان اور قائد عوام محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک مالی طور پر مستحکم ہورہا ہے بین الاقوامی ادارے اور دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے 2018ءتک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا ترقی کے اس سفر کو روکنے کےلئے مایوس طبقہ دھرنے کی سیاست کررہا ہے۔


Comments