خومرڈموٹ امام بارگاہ کے قریب سے دومشکوک خواتین کوگرفتار کرلیا


اہل علاقہ نے ان دونوں خواتین کو مشکوک جان کر فوری طور پر مجسٹریٹ چراغ الدین کو اطلاع دی جوکہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے

دونوں خواتین مشکوک نہیں ہیں یہ بھیک مانگنے والی خواتین ہیں اور کافی عرصے سے گلگت میں موجود ہیں، ایس پی طاہرہ


گلگت(جی بی نیوز) خومر ڈموٹ امام بارگاہ کے قریب دو مشکوک خواتین جن کا تعلق ،پاکپتن اور چیچہ وطنی سے ہے اہل علاقہ کی نشاندہی پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ جمعرات کے روز دونوں خواتین خومر ڈموٹ امام بارگاہ کے گرد چکر لگا رہی تھیں۔ اہل علاقہ نے ان دونوں خواتین کو مشکوک جان کر فوری طور پر مجسٹریٹ چراغ الدین کو اطلاع دی جوکہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور ان دونوں خواتین جن میں ایک کا نام حاجراں بی بی اور دوسری کا نام حلیمہ بی بی جو ایک دوسرے کو سگی بہنیں بتا رہی تھیں کو اپنی تحویل میں لے کر فوراً ویمن پولیس اسٹیشن پہنچا دیا۔ ان میں ایک کا شناختی کارڈ زائد المعیاد اور ڈوبلکیٹ پایا گیا ان خواتین سے جب دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ بھیک مانگنے کیلئے دو دن قبل ہی آئیں ہیں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ جس علاقے میں آئیں ہیں اس کا نام کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی نے لایا ہے اس جگہ کا نام ہمیں پتہ نہیں اور انہوں نے گلگت شہر میں واقع ایک ہوٹل الفلاح کے نام کے ساتھ ایک فون نمبر کی پرچی بھی دکھائی جہاں پر وہ رہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ہمراہ پانچ خواتین اور ہیں۔ مجسٹریٹ چراغ الدین نے جب ان دونوں کو لیڈی پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا تو اس موقع پر ایس پی طاہرہ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں خواتین مشکوک نہیں ہیں یہ بھیک مانگنے والی خواتین ہیں اور کافی عرصے سے گلگت میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو گلگت سے باہر کرنا ہماری ذمہ داری نہیں ہے ضلعی انتظامیہ ان کا بندو بست کرے پولیس کے پاس فنڈ نہیں ہیں۔ جبکہ ان عورتوں کا کہنا تھا کہ وہ دو دن قبل ہی آئیں ہیں۔ عوامی حلقوں نے مجسٹریٹ کی بر وقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے افراد اگر اس طرح سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکے۔ جبکہ مجسٹریٹ چراغ الدین نے کہا کہ عوام اگراپنی ذمہ داری کا احساس کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ انتظامیہ تعاون نہ کرے عوام مشکوک افراد کی نشاندہی کرے انتظامیہ عوام کے ساتھ ہر وقت تعاون کرتی رہی ہے اور ہمیشہ کرے گی۔

Comments